ابنا: شیعہ علماء کونسل کے سربراہ و ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی اور علامہ عارف حسین واحدی نے اخوان المسلمون کی کامیابی کو اسلامی بیداری تحریک کی کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصر کے عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے عالمی سامراجی و استعماری قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصر میں اخوان المسلمون کی شاندار کامیابی اور محمد مرسی کے بطور صدر منتخب ہونے پر اپنے مبارک بادی پیغام میں کیا ہے۔علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ مصر کے عوام نے اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرکے عالمی سامراجی اور استعماری قوتوں کے ان عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے جو وہ اسلام اور مسلمانوں کیخلاف رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس کامیابی کو اسلامی بیداری کی تحریک کی کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مسلمان متحد ہو جائیں تو وہ تمام مسائل پر قابو پا سکتے ہیں۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران سے جس جدوجہد کا آغاز ہوا، مصر میں اسلام پسندوں کی کامیابی بھی اسی کا تسلسل ہے۔ اگرچہ امت مسلمہ کے خلاف سازشوں کے تانے بانے بنے گئے، مگر امت کی بیداری اور وحدت کی وجہ سے تمام سازشیں ناکام ہوگئیں اور اسلامی بیداری کا پہلا مظاہرہ اسلامی انقلاب ایران کی صورت میں دیکھنے میں آیا، جبکہ مصر میں اخوان المسلمون کی کامیابی اسلامی بیداری تحریک کا دوسرا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ کچھ مسلمان عناصر بھی اس اسلامی بیداری تحریک میں روڑے اٹکاتے رہے اور استعماری و سامراجی قوتوں کے ساتھ مل کر ان سازشوں کا عملی، داخلی اور خارجی طور پر حصہ بنے رہے اور امت مسلمہ کو کھوکھلا کرنے کی ناکام کوششیں کرتے رہے، مگر ان تمام رکاوٹوں، سازشوں اور مذموم کوششوں کے باوجود اسلامی بیداری تحریک تسلسل کے ساتھ کامیابی کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امت مسلمہ اسی جذبے کے ساتھ اور دانش مند طبقات کے ذریعے آگے بڑھی تو کامیابیاں ان کے قدم چومیں گی اور حالات ناسازگار ہونے کے باوجود وہ اپنی منزل مقصود کو پالے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ مصری قوم کی وحدت اور اتحاد کا ہی نتیجہ ہے کہ حسنی مبارک کے ظالمانہ دور کا خاتمہ ہوا اور اسلامی سوچ رکھنے والے لوگ ایوان اقتدار تک پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی عوام بھی اسی طرح کے اتحاد کا مظاہرہ کریں تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بن جائے۔ اس موقع پر علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ مصری عوام نے ظالم کے خلاف اتحاد کر کے ثابت کر دیا کہ اگر عوام کسی ایک نکتہ پر اکٹھے ہو جائیں تو کوئی وجہ نہیں کہ وہ کامیابی سے ہمکنار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام خصوصاً پاکستانی عوام کو اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے اس سے قبل نہ تھی۔......./169
25 جون 2012 - 19:30
News ID: 325028
نومنتخب مصری صدر کو مبارکباد کے پیغام میں سربراہ شیعہ علما کونسل کا کہنا تھا کہ اگر ظالم کیخلاف اتحاد کر لیا جائے تو کامیابی قدم چومتی ہے۔